Phone: (021) 34815467   |   Email: info@almisbah.org.pk

فتاویٰ


ایسے دستانے جن پر لفظِ اللہ لکھا ہو نے کا شبہ ہو ان کے خریدنے اور استعمال کرنے کا حکم


سوال

میں ایک کھانے پینے کی اشیاء بنانے والی کمپنی کے شعبہ پروڈکشن میں خدمات انجام دیتا ہوں ۔ پروڈکشن ڈپارٹمنٹ میں جو ملازمین کام کرتے ہیں ان کو سیفٹی اور صفائی ستھرائی کے مقاصد کے تحت کمپنی کی طرف سے مختلف اشیاء مثلا فیس ماسک ہیڈ نیٹ، ہیئرنیٹ ،شوز کور اور گلوز (دستانے) وغیرہ فراہم کئے جاتے ہیں۔ ہمارے یہاں اب تک جو گلوز زیرِاستعمال تھے ان کی کوالٹی اتنی اچھی نہ ہونے کی وجہ سے ہم نےایک کمپنی کے اچھی کوالٹی کے گلوز منگوائے ہیں ، ان گلوز پر ہاتھوں کی انگلیوں کا علامتی نشان بنا ہوا ہے تاہم بعض ورکرز نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ وہ نشان انہیں لفظ " الله " سے مماثل معلوم ہوتار ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر درج ذیل مسئلے میں شرعی رہنمائی درکار ہے :-

گلوز (دستانے) پر نظر آنےوالی علامت سے متعلق جو شبہ کیا جا رہا ہے کیا وہ شبہ درست ہے؟ اور کیا شریعت کی روشنی میں ملازمین کا مندرجہ بالا شبہ کا اظہار کرنا معتبر ہے ؟ واضح رہے کہ اس دستانے کی جو پیکنگ ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ہاتھ کا نشان ہے جبکہ ایک قرینہ یہ بھی ہے کہ لفظ "اللہ" میں دولام ہوتے ہیں اس علامت میں لام زیادہ ہیں جوہاتھ کی پانچ انگلیوں کے برابر ہے۔

جواب

دستانے پر کلائی کی جانب ہاتھوں کی انگلیوں کی جو علامت ( نشان ) بنی ہوئی ہے اس پرغور کیا گیا، اس میں ہمیں لفظ " اللہ " یا لفظ اللہ کے ساتھ اس کی واضح مشابہت نظر نہیں آئی، بلکہ ہمیں یہ " پانچ انگلیوں کی علامت " ہی نظر آرہی ہے ، اس لئے اس کو بنانا اور استعمال جائز ہے۔ البتہ جب آدمی کی نظر پہلی مرتبہ سرسری طور پرپڑے تو چنگلی انگلی اور انگوٹھے کی بناؤٹ ایسی ہے کہ اس سے لفظ " اللہ " کا شبہ ہوتا ہے ،اس لئے اگر کوئی احتیاطاً اس کواستعمال نہ کرے تو شرعاً اس میں مضائقہ بھی نہیں، لیکن دوسرے کو شبہ میں ڈال کر لوگوں کے لئے تنگی کا باعث نہ بنے اور اس کو بحث و مباحثہ کا ذریعہ نہ بنائے؛ کیونکہ شریعت میں شرعی حدود میں رہ کر آسانیاں پیدا کرنے کا حکم ہےاور لوگوں کے لئے تنگی پیدا کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ بالخصوص جبکہ لفظ "اللہ " واضح نہیں ہے اور بنانے والے نےپانچ انگلیوں کی علامت بنائی ہے۔واللہ اعلم بالصواب

.


دارالافتاء : جامعہ دارالعلوم کراچی فتویٰ نمبر : 2127/57 المصباح : Sf:043
22 0