Phone: (021) 34815467   |   Email: info@almisbah.org.pk

فتاویٰ


کاروباری میلے میں ایسی فرم کے ذریعے اسٹال لگوانا جس میں تشہیر بے پردہ خواتین کرتی ہوں


سوال

ہماری ایک کمپنی ہے جس میں مختلف اقسام کے کھانوں اور ڈشوں کے لئے مصالحے تیار کئے جاتے ہیں ۔ ہم اپنی پروڈکٹ کی تشہیر کے سلسلے میں مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں، ان میں سے ایک طریقہ مختلف کاروباری میلوں میں اپنا اسٹال لگانا بھی شامل ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ ہم کسی فرم سے رابطہ کر کے ان سے معاملات طے کرتے ہیں کہ وہ ہماری کمپنی کااسٹال لگائیں، اس کے بعد افراد و غیر ہ مہیا کرنے اور تمام تر انتظامات کرنے کی ذمہ داری انہی کی ہوتی ہے۔ اسٹال کے لئے وہ لوگ جو ٹیم رکھتے ہیں اس میں خواتین بھی شامل ہوتی ہیں جو لوگوں کو پروڈکٹ کے حوالے سے معلومات فراہم کرتی ہیں۔ یہ خواتین اپنے فن کی ماہر ہوتی ہیں اور ان کو پروڈکٹ کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل ہوتی ہیں اور وہ پر دہ یا حجاب وغیرہ میں نہیں ہوتیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر درج ذیل مسئلہ میں شرعی رہنمائی درکار ہے کہ کیا ہمارے لئے اپنی پروڈکٹ کی تشہیر کیلئےاس قسم کے اداروں سے اسٹال لگوانا جائز ہے جبکہ ان خواتین کو ہم نے نامزد نہ کیا ہو بلکہ متعلقہ فرم کی ملازمین ہوں؟

جواب

کسی خاتون یا مرد کے ذریعے کسی جائز پروڈکٹ کی تشہیر کر وانافی نفسہ ایک جائز عمل ہے، البتہ اگر آپ نے خود انتخاب کرنا ہو تو با حجاب خواتین کے ذریعے ہی یہ کام انجام دینا لازم ہے، لیکن اگر آپ نے کسی تشہیری ادارے کو یہ کام دیا ہو، اور اس میں اس کی طرف سے یہ ہدایات نہ ہوں کہ بے حجاب خواتین کے ذریعے یہ کام انجام دیا جائے اور پھر وہ ادارہ بے حجاب خواتین کےذریعے یہ کام انجام دیتا ہو تو اس میں آپ کے لیے کوئی باعث گناہ چیز نہیں، تاہم ایسے اداروں سے اجتناب بہر حال بہتر ہے۔


دارالافتاء : مالیاتی وتجارتی اُمور فتویٰ نمبر : 1492/777 المصباح : Sf:029