Phone: (021) 34815467   |   Email: info@almisbah.org.pk

فتاویٰ


مستقل ملازمین کے کاموں اور اوقات سے متعلق ایگریمنٹ وپالیسی میں تبدیلی کب نافذالعمل ہوگی؟


سوال

کمپنی کے مستقل ملازمین کیلئے اگر ملازمت سے متعلق پالیسیوں یا ایگریمنٹ میں کوئی تبدیلی کرنی ہو یا کوئی ایسا نیا اصول یاپالیسی نافذ کرنی ہو جو ان کے کام کے اوقات سے متعلق ہو تو وہ پالیسی کب سے نافذ کی جاسکتی ہے اور اس کا طریقہ کار کیا ہو سکتاہے؟

جواب

اگر کمپنی کی کسی ایسی پالیسی میں تبدیلی کرنی ہو جو عقد اجارہ (ملازمت کے معاہدہ) میں طے شدہ کام کے خلاف نہ ہو ، یعنی جس سے ملازمین کے کاموں پر کوئی اثر نہ پڑتاہو تو ایسی تبدیلی کسی بھی وقت نافذ العمل ہو سکتی ہے۔ لیکن اگر وہ پالیسی براہ راست ملازمین کے کاموں پر اثر انداز ہو رہی ہو ، یا جس کی وجہ سے ملازمین کا وقت تبدیل ہو رہا ہو ، یا ان کی اجرت تبدیل ہو رہی ہو ، یاان کی سہولیات میں کمی کی جارہی ہو تو اگر یہ ملازمین کی رضامندی سے ہو تو مدت اجارہ کے درمیان (مہینے کے درمیان) میں بھی ان کا نفاذ ہو سکتا ہے۔ اور اگر ملازمین کی رضامندی نہ ہو اور اجارہ میں کوئی طے شدہ مدت بھی نہ ہو کہ کتنے عرصے کیلئے ملازم ہے ) تو اسے ماہانہ عقد قرار دیا جائے گا اور نئے مہینے سے یہ تبدیلی نافذ العمل ہو گی، اس لئے بہتر یہ ہے کہ جو بھی پالیسی نافذ کی جائےوہ نئے مہینے یا آئندہ کی کسی تاریخ سے نافذ قرار دی جائے اور مزید یہ کہ اس میں ملکی قوانین کا بھی خیال رکھا جائے۔

۔


دارالافتاء : ۔۔۔۔ فتویٰ نمبر : ۔۔۔۔۔ المصباح : SF:031
19 0