Phone: (021) 34815467   |   Email: info@almisbah.org.pk

فتاویٰ


کمپنی کا غیر معیاری پیکنگ میٹریل کو تحویل میں لے کر تلف کرنے کا حکم


سوال

عرض یہ ہے کہ میں ایک کمپنی میں سپلائی چین منیجر ہوں۔ ہمارے ڈیپارٹمنٹ کو اپنی کمپنی کی پروڈکٹ کے لئے پیكنگ مٹیریل بنوانا ہوتا ہے تو ہم ایک پر چیز آرڈر (PO) بناتے ہیں۔ اس پر چیز آرڈر میں آرڈر اور اس کی تیاری سے متعلق تمام شرائط و ضوابط ذکر کئے جاتے ہیں۔ اسی میں ایک شق یہ لکھی جاتی ہے کہ
Defective goods of printed packing material (in which Company brand logo printed), either before or after the acceptance of goods, due to any reason will be destroyed by purchaser at the cost of supplier after intimation.
پرنٹ شدہ پیکنگ مٹیریل کا خراب سامان (جس میں کمپنی برینڈ کا لوگو پرنٹ کیا گیا ہے)، چاہے وہ سامان کی قبولیت سے پہلے ہو یا بعد میں، کسی بھی وجہ سے خریدار کی جانب سے سپلائر کے خرچ پر ، اطلاع دینے کے بعد ضائع کیا جائے گا۔اس شق کا مطلب یہ ہے کہ اگر پیکنگ مٹیریل میں کوئی ایسا عیب تھا جس کی وجہ سے وہ ہمارے مطلوبہ معیار پر نہیں تھا، تو وہ پیکنگ مٹیریل ہم سپلائر کو واپس نہیں کریں گے ، بلکہ سپلائر کو اطلاع دے کر وہ سارا مٹیریل ہم خود ضائع کر دیں گے، اور ناہی اس مٹیریل کی مد میں سپلائر کو کسی قسم کی ادائیگی کی جائے گی۔
یہ تقریباً تمام کمپنیوں کا عرف ہے، اور سپلائر کو پہلے سے اس بات کا علم بھی ہوتا ہے بلکہ ہر بار پر چیز آرڈر میں یہ شرائط واضح طور پر لکھی جاتی ہیں، اس لئے سپلائر گویا اس پر راضی ہوتا ہے۔پیکنگ مٹیريل ضائع کرنے اور واپس نہ کرنے کی وجوہات درج ذیل ہوتی ہیں:
1. اس مٹیریل کا غلط استعمال ہو سکتا ہے، کوئی شخص اس پیکنگ میں اپنا سامان ڈال کر فروخت کر سکتا ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کے کسٹمر خراب ہوتے ہیں اور کمپنی کی ساکھ اور معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔
2. کمپنی کا وقت ضائع ہوتا ہے۔
3. کمپنی کو دوہری مشقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
4. ایک بار تنبیہ ہو جائے تو اگلی مرتبہ سپلائر زیادہ محنت سے بہتر چیز تیار کرتا ہے۔
اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ :
1. کیا سپلائر سے پیشگی رضامندی لینے کی صورت میں ہمارے لئے خراب پیکنگ مٹیرل کو قیمت ادا کئے بغیر ضبط کر کےضائع کر دینا درست ہے؟
2. واضح رہے کہ اس صورت کو اختیار نہ کرنے کی صورت میں کمپنی کو بہت زیادہ حرج کا سامنا کرنا پڑے گا ، اور کمپنی عرف بھی چونکہ ضبط کرنے کا ہے، اس لئے بھی معاملات متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
برائے مہربانی مطلوبہ سوال کا شرعی حل اور متبادل اگر ممکن ہو تو عنایت فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیرا

جواب

صورت مسئولہ میں اگر پیكنگ مٹیریل کمپنی کے مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہو تو کمپنی کو اختیار ہے کہ پیکنگ مٹیریل اسی حالت میں طے شدہ قیمت پر قبول کرلے ، یا پیکنگ مٹیریل سپلائر کو واپس کر دے، نیز اگر سپلائرراضی ہو تو کمپنی پیکنگ مٹیریل طے شدہ قیمت سے کم قیمت پر بھی لے سکتی ہے ، لیکن سپلائر کی اجازت کے بغیرپیکنگ مٹیریل ضائع کر کے اس کی قیمت ادانہ کرنا جائز نہیں، کیونکہ ضائع کرنے کی صورت میں پیکنگ مٹیریل کمپنی کی ملکیت میں آجائے گا اور کمپنی پر قیمت کی ادائیگی لازم ہو گی، اسی طرح اگر کمپنی یہ پیکنگ مٹیریل قبول نہ کرے توسپلائر کو بھی مٹیریل کے ضائع کرنے پر مجبور کرنا جائز نہیں ، البتہ اگر کمپنی والے سپلائر کو ساری صورتحال بتادیں کہ پیکنگ مٹیریل ہمارے مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں، اس لئے ہم یہ پیکنگ مٹیریل قبول نہیں کر سکتے ، اور چونکہ آپ بھی انہیں ضائع ہی کریں گے اس لئے اگر آپ کی اجازت ہو تو ہم آپ کی طرف سے یہ پیکنگ مٹیریل ضائع کر کے کاغذی کچرا آپ کو واپس بھجوا دیتے ہیں اور اس بات پر سپلائر راضی ہو جائے تو کمپنی والے ان کی طرف سےوکیل کی حیثیت سے پیکنگ مٹیریل ضائع کر سکتے ہیں۔ (ماخذه التبويب بتصرف: ۹۲/۱۶۸۸)

فقه البيوع للشيخ محمدتقي العثماني حفظه الله (ج ٢ ص ۱۱۳۰)
اذاكان المصنوع وقت التسليم غير مطابق للمواصفات ، فانه يحق للمستصنع ان يرفضه ، او ان يقبله بحاله ، فيكون من قبيل حسن الاقتضاء، ويجوز للطرفين ان يتصالحا علي القبول ، ولومع حط الثمن .

الدر المختار (٦١/٤):
(لا بأخذ مال في المذهب) بحر. وفيه عن البزازية: وقيل يجوز، ومعناه أن يمسكه مدة لينزجر ثم يعيده ،له فإن أيس من توبته صرفه إلى ما يرى. وفي المجتبى أنه كان في ابتداء الإسلام ثم نسخ . ........ والله تعالیٰ اعلم بالصواب


دارالافتاء : جامعہ دارالعلوم کراچی فتویٰ نمبر : 2665/43 المصباح : MDX:043